پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر آ گئی

عمرہ، حج اور روزگار کے لیے سعودیہ جانے والے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر آ گئی
سعودی عرب نے پی آئی اے کو القصیم کے لیے بھی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی

ریاض(5نومبر 2020ء) پاکستان سے ہر سال 16 سے 17 لاکھ کے قریب زائرین عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ لاکھوں پاکستانی فریضہ حج اور روزگار کی غرض سے بھی سعودی عرب جاتے ہیں۔ پی آئی آے کی زیادہ تر عمرہ ، حج اور عام پروازیں جدہ اورریاض ایئرپورٹ پر ہی اُترتی ہیں۔ اس لیے عمرہ اور حج کے ان دنوں میں یہاں بہت زیادہ رش ہوتا ہے جس سے زائرین کو کئی بار پریشانی سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔
تاہم اب ایک اور سعودی شہر کے لیے پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت مل گئی ہے۔ پی آئی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے القصیم کے لیے بھی پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ القصیم کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں روانہ ہوا کریں گی۔پی آئی اے کی جانب سے ملتان کے لیے پہلی پرواز 19 نومبر کو روانہ ہو گی۔جس کے بعد اسلام آباد اور ملتان سے القصیم کے لیے ہفتہ وار دو پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ اس سے پہلے پی آئی اے کی پروازیں جدہ، ریاض، مدینہ اور دمام کے لیے روانہ ہو رہی تھیں، اب القصیم کے بھی شامل ہونے سے یہ پی آئی اے کا پانچواں اسٹیشن ہو گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کر کے ان سے القصیم کے لیے پروازیں چلانے کی درخواست کی ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.