آج رات قوم سے خطاب کریں گے

جوبائیڈن کی فتح بہت حد تک یقینی ہوگئی، آج رات قوم سے خطاب کریں گے
صدارتی امیدوار ریاست پنسلوینیا میں بھی برتری حاصل کر چکے، نتائج کا باقاعدہ اعلان ہونے کے بعد ان کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہو جائے گی: امریکی میڈیا

واشنگٹن(06 نومبر2020ء) امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن کی فتح بہت حد تک یقینی ہوگئی، آج رات قوم سے خطاب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات کے انعقاد کو 2 روز گزر جانے کے بعد اب نتائج کے حوالے سے صورتحال کافی حد تک واضح ہوگئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوارجوبائیڈن اب فتح سے چند قدم دور ہیں۔
جوبائیڈن اہم ترین ریاست پنسلوینیا میں ٹرمپ کے مقابلے میں برتری حاصل کر چکے ہیں۔ پنسلوینیا کے انتخابی نتائج کے باقاعدہ اعلان کے بعد ڈیموکریٹ امیدوار کے کل الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہو جائے گی، یوں وہ امریکا کے 4 ویں صدر بن جائیں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن کی فتح کافی حد تک یقینی ہو چکی ہے، اس لیے وہ آج رات کو اپنی قوم سے خطاب کریں گے۔مزید بتایا گیا ہے کہ جوبائیڈن کوریاست جارجیا اورپینسلوینیا میں واضح برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ ریاست نواڈا حکام نے بھی صدر ٹرمپ کی جانب سے دھاندلی اور فراڈ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی انتظامیہ نے مکمل طور پر شفاف اندازمیں انتخابات کاانعقاد کروایا ہے۔ نواڈا کے اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ اگرصدر ٹرمپ یا ان کی ٹیم کے پاس ثبوت موجود ہیں تو وہ انہیں سامنے لائیں انہوں نے بتایا کہ نواڈا میں 84فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے اور اس کے نتیجے کا اعلان آج رات تک ہوسکتا ہے ۔ریاست پینسلوینیا ‘جارجیا ‘ونسکانسن اور ایرایزونا کے حکام نے بھی ری پبلکن امیدوار کے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔ 20الیکٹرول ووٹوں کی حامل ریاست پینسلوینیا کے مقامی ذرائع ابلاغ کاکہنا ہے کہ پوسٹل ووٹوں کی گنتی کا عمل ختم ہونے کے قریب ہے جس میں جوبائیڈن کو واضح برتری حاصل ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کو اب انتہائی اہم 5میں سی3 ریاستوں میں برتری حاصل ہوگئی ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.