پاکستانی خاتون اچانک گھر سے لاپتہ ہو گئی

دبئی میں 41سالہ پاکستانی خاتون اچانک گھر سے لاپتہ ہو گئی
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں 41سالہ پاکستانی خاتون لاپتہ ہو گئی۔ گلف نیوز کے مطابق قرۃ العین نامی یہ خاتون 9نومبر سے لاپتہ ہے اور تاحال اس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ کہاں گئی۔ قرۃ العین کے 50سالہ شوہر مختار علی کا کہنا ہے کہ ’’9نومبر کی صبح جب میں کام پر گیا، تب میں نے اپنی بیوی کو آخری بار دیکھا۔ ہم نے اکٹھے ناشتہ کیا اور میں کام پر چلا گیا۔ جب میں شام 6بجے کام سے واپس آیا تو مجھے گھر کا دروازہ لاک ملا۔‘‘

مختار علی کا کہنا تھا کہ ’’میں نے دروازے پر دستک دی لیکن اندر سے کوئی جواب نہیں آیا۔ میں نے کبھی گھر کے دروازے کی چابی اپنے پاس نہیں رکھی تھی اور نہ ہی کبھی میری بیوی گھر سے باہر گئی تھی۔ چنانچہ میں نے سکیورٹی گارڈ سے ماسٹر چابی حاصل کی اور دروازہ کھولا۔ میری بیوی گھر میں موجود نہیں تھی۔ میں نے دیکھا کہ ناشتے کی پلیٹیں تاحال میز پر پڑی تھیں۔ اس نے گھر سے کوئی چیز بھی نہیں اٹھائی، حتیٰ کہ اس کا موبائل فون بھی گھر میں پڑا تھا۔ میں نے دوستوں اور رشتہ داروں کے ہاں اس کی تلاش کی لیکن کوئی پتا نہیں چلا۔ اسی دن سے میں نے پولیس کو رپورٹ کر رکھی ہے اور پاکستانی قونصلیٹ سے بھی مدد کی درخواست کر رکھی ہے مگر تاحال میری بیوی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ اس کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی تھی اور میں کورونا وائرس کی وجہ سے مالی حالت خراب ہونے کی وجہ سے اس کی تجدید نہیں کرا سکا تھا چنانچہ میں نے اسے واپس پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کر لیا تھا اور اس کی 16نومبر کی ٹکٹ بھی بک کروا دی تھی تاہم وہ واپس نہیں جانا چاہتی تھی اور اس بات پر خاصی پریشان بھی تھی۔ میں نہیں جانتا کہ وہ خود گھر چھوڑ کر گئی ہے یا اسے اغواء کیا گیا ہے۔‘‘

Sharing is caring!

Comments are closed.