پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ فلاپ شو

پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ فلاپ شو ، آر نہ پار یہ صرف خوار ہوئے : شبلی فراز
عوام نے انہیں ان کے بیانیے سمیت مسترد کردیا ، لاہور اور پنجاب کے شہریوں کی عدم شرکت کی وجہ سے پی ڈی ایم رہنماؤں کے چہروں پر ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں ، وفاقی وزیر اطلاعات کا ٹوئٹ
اسلام آباد ( 14 دسمبر2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا لاہور جلسہ ایک شو تھا ، آر نہ پار پی ڈی ایم صرف خوار ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا لاہور کا جلسہ ایک فلاپ شو تھا ، عوام نے انہیں ان کے بیانیے سمیت مسترد کردیا ، لاہور اور پنجاب کے شہریوں کی عدم شرکت کی وجہ سے پی ڈی ایم رہنماؤں کے چہروں پر ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں ، جن کی سمتیں مختلف ہوں انکی منزل ایک نہیں ہو سکتی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید لکھا کہ گوجرانولہ جلسے میں پاک افواج کے خلاف زہر اگلا گیا، کراچی جلسے میں مزارِ قائد کی بے حرمتی کی گئی،کوئٹہ جلسے میں پاکستان توڑنے کا پیغام دیا گیا جبکہ لاہور جلسے میں لاہوریوں کو غدار بولا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے گذشتہ روز لاہور میں مینار پاکستان میں جلسہ کیا ، اس جلسے کی میزبان مسلم لیگ ن تھی ،پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مینار پاکستان میں جلسے کو تاریخ ساز جلسہ قرار دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، ہزاروں کی گنجائش والے یادگارِ پاکستان پر 11 جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم جلسے میں 10 ہزار افراد بھی شرکت نہ کر سکے۔
پولیس ذرائع نے شرکاء کی تعداد کے بارے میں کہا کہ 4 سے 5 ہزار افراد موجود ہیں جب کہ اسپیشل برانچ کا کہنا ہے کہ ساڑھے 3 ہزار سے 4 ہزار افراد شریک ہیں۔آزاد ذرائع کے اندازے کے مطابق تقریباََ 6 سے ساڑھے 6 ہزار افراد شریک ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام کے نہ پہنچنے پر مسلم لیگ ن کی قیادت نے اراکین اسمبلی سے ناراضی کا اظہار کر دیا ، دوسری جانب اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ مینار پاکستان لاہور جلسے میں لاکھوں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.