بیانیے کی مکمل حقیقت آ چکی

عوام کے سامنے پی ڈی ایم کے جعلی بیانیے کی مکمل حقیقت آ چکی ہے.عمران خان
لاہور جلسے سے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ میں شامل جماعتیں بے نقاب ہوگئی ہیں. وزیراعظم کا اجلاس سے خطاب

اسلام آباد(ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 دسمبر ۔2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور جلسے کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ میں شامل جماعتیں بے نقاب ہوگئی ہیں‘پارٹی راہنماﺅں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے سامنے جعلی بیانیے کی مکمل حقیقت آ چکی ہے. وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ استعفوں کے معاملے پر پوری پی ڈی ایم کنفیوژن کا شکار ہے لاہور جلسے میں مداخلت نہ کرنے کا پنجاب حکومت کا فیصلہ درست تھا پارٹی راہنماﺅں کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات اور جلسوں میں ناکامی کے بعد پی ڈی ایم بیانیہ دم توڑ چکا ہے اجلاس میں وزیراعظم نے پی ڈی ایم جلسہ سمیت قومی معاملات پر راہنماﺅں سے مشاورت کی .خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مہنگے جلسے کے ذریعے این آر او لینے کی کوشش کی گئی، اپوزیشن کے لیے افسوسناک جواب ہے کہ این آر او نہیں ملے گا اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے لاہور جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم نے بہت ساری رقم وقت کوشش کر کے سنگدلی کا مظاہر کیا، لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالی گئیں.عمران خان نے کہا تھا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے لیے شہریوں کی حفاظت کتنی اہم ہے، یہ سب لوٹی ہوئی دولت کو بچانے اور این آر او کے لیے مجھے بلیک میل کر رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر اعادہ کرتا ہوں کہ میں کبھی ان کو این آر او نہیں دوں گا. قبل ازیںوزیراعظم عمران خان نے پاک بحریہ کے ہیڈکواٹرزکا دورہ کیا اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی میں سمندری شعبے کی افادیت کے پیش نظر اس کے فروغ کے لیے کوشاں ہے وزیراعظم آفس کی جانب سے کی گئی ٹوئٹس میں بتایا گیا کہ عمران خان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی وزیراعظم کا استقبال کیا اس موقع پر وزیراعظم کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ عمران خان نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے.

Sharing is caring!

Comments are closed.