شرائط میں نرمی کر دی گئی

ابوظہبی میں داخلے کیلئے عائد شرائط میں نرمی کر دی گئی

24 دسمبر سے سیاحوں کو ابوظہبی میں داخلے کی اجازت ہوگی، اماراتی علاقے میں داخل ہونے کیلئے 72 گھنٹے قبل کروایا گیا پی سی آر یا ڈی پی آئی ٹیسٹ قابل قبول ہوگا، “گرین” گروپ میں شامل ممالک کے شہریوں کیلئے قرنطینہ کی شرط ختم، دیگر ممالک کے شہریوں کیلئے قرنطینہ کی مدت کم کر کے 10 دن کر دی گئی
ابوظہبی ( 22 دسمبر2020ء) ابوظہبی میں داخلے کیلئے عائد شرائط میں نرمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ابوظہبی حکام کی جانب سے کرونا وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے عائد کردہ پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے۔ ابوظہبی حکومت نے 24 دسمبر سے سیاحوں کو داخلے کی اجازت دینے، سیاحتی و تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ تمام افراد جو ابوظہبی جانے کے خواہش مند ہیں، ان کیلئے عائد کردہ پابندیاں کافی حد تک نرم کر دی گئی ہیں۔ جاری ہدایات کے مطابق ہر وہ شخص جو ابوظہبی میں داخل ہونا چاہتا ہے، اس کا 72 گھنٹے قبل کروایا گیا پی سی آر یا ڈی پی آئی ٹیسٹ قابل قبول ہوگا۔ اس کے علاوہ ابوظہبی میں داخل ہونے کے بعد چوتھے اور آٹھویں دن کرونا ٹیسٹ کروانے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ اب سے ابوظہبی میں داخل ہونے والے افراد کو صرف داخلے کے چھٹے دن کرونا ٹیسٹ کروانا ہوگا۔ اگر کوئی شخص مسلسل 12 دن تک ابوظہبی میں قیام کرتا ہے، تو اسے 12 ویں دن بھی پی سی آر کرونا ٹیسٹ کروانا ہوگا۔ اس کے علاوہ کچھ ممالک کے شہریوں کیلئے قرنطینہ کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ “گرین” گروپ میں شامل ممالک کے شہریوں کیلئے قرنطینہ کی شرط ختم، جبکہ دیگر ممالک کے شہریوں کیلئے قرنطینہ کی مدت کم کر کے 10 دن کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ وہ تمام افراد جو کسی کرونا مریض سے رابطے میں رہے ہوں، ان کیلئے بھی قرنطینہ کا دورانیہ کم کر کے 10 دن کر دیا گیا ہے، تاہم شرط یہ ہے کہ ایسے لوگوں کو قرنطینہ کے 8 ویں دن کرونا ٹیسٹ کروانا ہوگا، رپورٹ منفی آنے پر ہی 10 دن کے قرنطینہ کے بعد آزاد نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔ جبکہ کرونا ویکسین پروگرام کا حصہ رہنے والے افراد پر بھی بیرون ملک سے واپسی پر قرنطینہ میں جانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.