وزیر صحت کی تصدیق

کورونا کا مزید خطرناک وائرس انگلینڈ پہنچ گیا، برطانوی وزیر صحت کی تصدیق

لندن (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کی نئی قسم سے پریشان برطانیہ کے لیے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی ہے کیوں کہ جنوبی افریقا سے وائرس کی مزید خطرناک قسم انگلینڈ پہنچ گئی ہے، برطانوی وزیر صحت میٹ ہین کاک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنوبی افریقا سے کورونا وائرس کی ایک اور مزید خطرناک قسم برطانیہ میں داخل ہوچکی ہے۔جیونیوز کے مطابق انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقا سے آنے والے کورونا کے اس نئے وائرس کو 501.V2 کا نام دیا گیا ہے اور یہ حالیہ دنوں میں جنوبی افریقا سے واپس آنے والے دو افراد میں پایا گیا ہے۔وزیر صحت نے بتایا کہ برطانیہ کے علاقے کینٹ میں ستمبر کے مہینے میں جو کورونا وائرس کی جینیاتی طور پر تبدیل شدہ قسم سامنے آئی تھی جنوبی افریقی وائرس اس سے بھی زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات برطانیہ کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے لہٰذا فوری طور پر جنوبی افریقا سے آمد و رفت پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے، گزشتہ 14 روز میں جو لوگ جنوبی افریقا سے آئے ہیں ان سے اپیل ہے کہ وہ قرنطینہ ہوجائیں۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم نے برطانیہ میں مریضوں کی یومیہ تعداد کو تقریباً دگنا کردیا ہے جبکہ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

 

Sharing is caring!

Comments are closed.