کورونا وائرس کے باعث سکولوں میں چھٹیاں

کورونا وائرس کے باعث سکولوں میں چھٹیاں مزید بڑھ جانے کا امکان

جنوری میں سکول کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ وزراء تعلیم کریں گے، وزیر تعلیم سندھ کے خدشات درست ہیں۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان
لاہور ( 24 دسمبر2020ء) کورونا وائرس کے باعث سکولوں میں چھٹیاں مزید بڑھ جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ جنوری میں سکول کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ وزراء تعلیم کریں گے، وزیر تعلیم سندھ کے خدشات درست ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت بڑھ رہی ہے جس کے باعث دنیا سمیت عرب ممالک میں کورونا پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ ذرائع نے10 جنوری کو بھی سکول نہ کھلنے کا امکان ظاہر کیا ہے، کورونا کے باعث تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی آج کراچی میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوری میں سکول کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ وزراء تعلیم کریں گے۔وزیر تعلیم سندھ کے خدشات درست ہیں۔ یاد رہے گزشتہ روز وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتِحال دیکھ کرلگتا نہیں کہ جنوری میں اسکول کھلیں گے، یہ واضح کردوں کہ اس مرتبہ امتحان کے بغیر کسی کو پاس نہیں کریں گے۔ اسی طرح آج وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 4 جنوری کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہے اجلاس میں حالات کا جائزہ لیا جائے گا، ہماری کوشش ہے تعلیمی ادارے جلد کھولے جائیں، بچوں کی صحت اولین ترجیح ہے،تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ 4 جنوری کو ہوگا۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *